ملائیشیا میں مقیم فلسطینی شہریوں کی جانب سے دارالحکومت کولالمپور میں سالانہ چھٹی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ افطار ڈنر میں فلسطینی تارکین وطن، عرب ممالک کے شہریوں، مقامی باشندوں، سول سوسائٹی کے کارکنوں، ملائیشیا کے نائب وزیراعظم زاھد حمیدی، ارکان پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں کے رہ نماؤں اور ملائیشیا کی 40 این جی اوز کے مندوبین نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے طمابق کولالمپور میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی کمیونٹی کے ایک سینیر رکن اور افطار پارٹی کی انتظامی کمیٹی کے عہدیدار مسلم عمران نے تمام شرکاء کا افطار میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں اتنی بڑی تعداد میں شہریوں اور اہم شخصیات کی شرکت سے پیغام ملتا ہے کہ ملائیشیا کے عوام اور حکمران کس قدر فلسطینیوں کو پذیرائی دیتے ہیں۔
افطار پارٹی کا اہتمام ملائیشیا میں سرگرم ’’فلسطینی ثقافت آرگنائزیشن‘‘[بکم] کی جانب سے کیا گیا تھا۔
’’بکم‘‘ کی جانب سے بھی افطار پارٹی میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔ تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ ان کی افطار پارٹی میں ملائیشیا کے تمام طبقات کی نمائندگی نے شرکت کر کے فلسطینی قوم کے ساتھ ہمہ گیر یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کی افطار پارٹی پر مجموعی طورپر 40 مختلف این جی اوز کے مندوبین نے شرکت کی ہے جو ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔