پنج شنبه 01/می/2025

’یو این‘ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کیلیےاسرائیلی نامزدگی باعث شرم ہے

منگل 14-جون-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے مغربی ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی قیادت کے لیے اسرائیل کی نامزدگی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ اور اس کے قوانین اور اصولوں کے لیے باعث شرم قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگراقوام متحدہ انسداد دہشت گردی کی ذیلی کمیٹی کی قیادت صہیونی ریاست کو سپرد کرتا ہے اور اسے بڑے شرم کی اور کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ ایسا فیصلہ اقوام متحدہ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ثابت ہو گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل خود ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ عالمی ادارے کی دہشت گردی کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کی قیادت صہیونی ریاست کو سپرد کرنا فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کی منظم دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہوگی۔

حماس نے مغربی پوری ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی قیادت اسرائیل کو سونپے جانے کے فیصلے پر ںظرثانی کریں۔ اگر اسرائیل کو اس کمیٹی کی قیادت سونپی جاتی ہے تو یہ ایک المیہ ہو گا  اور اقوام متحدہ کی ایک اہم کمیٹی دہشت گرد ریاست کے ہاتھ چلی جائے گی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں مغربی یورپ کے بعض ممالک بالخصوص آسٹریلیا، نیوزی لینڈ وغیرہ نے اسرائیل کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کا سربراہ نامزد کرنے کی سفارش کی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی