جمعه 15/نوامبر/2024

تل ابیب حملے سے اسرائیلی سیخ پا، نیتن یاھو کی انتقام لینے کی دھمکیاں

جمعہ 10-جون-2016

اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں بدھ کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں چار یہودیوں کی ہلاکت کے واقعے نے صہیونی ریاست کی لیڈر شپ کوآگ بگولا کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے دھمکی دی ہے کہ وہ تل ابیب میں حملہ کرنے والوں اور اس کے حامیوں کو سبق سکھائیں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھون نے تل ابیب میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس نوعیت کے حملوں کی روک تھام کا عزم کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں حملہ بزدلانہ حرکت ہے اور وہ اس کا بدلہ لیں گے۔ نیتن یاھو نے کہا کہ ہم نے فوج اور سیکیورٹی اداروں کو چوکس کر دیا کہ  وہ امن وامان کے قیام میں کسی کوتاہی اور غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔

بعد ازاں اسرائیلی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے نیتن یاھو نے کہا کہ تل ابیب پرحملہ اسرائیلی ریاست پرحملہ ہے۔ اسرائیل میں حملے کرنے والوں کو سیکیورٹی ادارے گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ حملے کرنے والوں اور ان کی حمایت کرنےوالوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیردفاع  آوی گیڈور لائبرمین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب حملے کا بھرپور جواب دیاجائے گا۔

خیال رہے کہ بدھ کی شام اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے چار یہودی ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی