اسرائیلی فوج نے صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں نئی جنگی مشقیں شروع کی ہیں۔ ان جنگی مشقوں کا مقصد تل ابیب پر ممکنہ میزائل حملوں کی روک تھام کرنا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 کے مطابق داخلی محاذ کی جانب سے جنگی مشقوں کا آغاز منگل کے روز تل ابیب کے علاقے میں کیا گیا تھا۔ یہ مشقیں دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ اور میزائل حملوں کے تناظرمیں کی جا رہی ہیں۔
جنگی مشقوں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج اور مقامی آبادی کو تیار رکھنا ہے۔ مشقوں کے دوران یہودی آبادکاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے اور کسی میزائل حملے کے خطرے کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجا کرانہیں متنبہ کرنے کے تجربات کیے جا رہے ہیں۔
عبرانی میڈیا کے مطابق یہ جنگی مشقیں غزہ کی پٹی اور لبنان کی طرف سے ممکنہ راکٹ حملوں کے تناظر میں ہو رہی ہیں کیونکہ اسرائیل کو راکٹ حملوں کا ان دو محاذوں سے سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔