بین الاقوامی امدادی ادارے’اسلامک ریلیف‘ کی جانب سے شامی پناہ گزینوں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کو موثر بنانے کے لیے ایک اچھوتا طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں سڑکوں پر چلنے والی ڈبل ڈیکر بسوں پر’’سبحان اللہ‘‘ کے بابرکت اور خوبصورت عبارات تحریر کر کے مخیر حضرات کو عطیات دینے کی جانب متوجہ کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں میں قدرتی آٖفات اور جنگوں سے متاثرہ شہریوں کی بہبود کے لیے سرگرم ادارے’اسلامک ریلیف‘ کی جانب سے لندن کی سڑکوں پر چلنے والی دو منزلہ بسوں کے دروازوں پر ’سبحان اللہ‘ کے الفاظ انگریزی میں تحریر کیے گئے ہیں۔
اس منفرد مہم کا مقصد مخیر حضرات کو شامی پناہ گزینوں کے لیے دل کھول کر امداد دینے کی طرف مبذول کرانا ہے۔
اسلامی ریلیف کی جانب سے ترک خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘کو بتایا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے شامی پناہ گزینوں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم ایک ہفتہ قبل شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے تحت لندن کی 10 کالونیوں میں چلنے والی سرخ رنگ کی 180 بسوں پر ’سبحان اللہ‘ کی عبارات تحریر کی گئی ہیں۔ یہ مہم ماہ صیام کے آخر تک جاری رہے گی۔ یہ مہم نہ صرف لندن تک محدود ہے بلکہ مانچسٹر، برمنگھم اور براڈ فورڈ کے علاقوں میں بھی جاری ہے گی۔