فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’اونروا‘ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کے مطالبات کےحوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اونروا کا کہنا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی باعزت کفالت سے بہتر اور کوئی کوشش نہیں ہوسکتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے ہائی کمشنر’’پئیر کرائنپول‘‘ نے ترکی کے شہر انقرہ میں منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے سیاسی حقوق کے حل کی تمام ذمہ داریاں عالمی برادری پرعاید ہوتی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور مطالبات پر غور کیا جائے اور ان کے سیاسی مسائل حل کیے جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے سیاسی حقوق کا مسئلہ حل ہونے سے عالمی برادری پر ان کا بوجھ ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی کفالت کی ذمہ داری بھی تمام ممالک پر عاید ہوتی ہے۔ تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ مہاجر فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر امداد مہیا کریں۔
مسٹر کرائنپول کا کہنا تھا کہ آج اگر فلسطینی پناہ گزین مجھ سے اپنے مستقبل اور سیاسی حقوق کی بات کرتے ہیں تو میں ان سےیہی کہہ سکتا ہوں کہ ان کی تکالیف کو جلد از جلد دور کیا جانا چاہیے۔
یو این عہدیدار کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور سیاسی مطالبات کے حوالے سے بالغ نظری اور زندہ ضمیری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے سیاسی حقوق کی کفالت کے لیے جدو جہد کا متبادل کوئی چیز نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ارض فلسطین میں صہیونی ریاست کے قیام کے بعد سے اب تک لاکھوں فلسطینوں کو ان کے گھروں سے نکالا جا چکا ہے جو اس وقت اندرون فلسطین اور بیرون ملک پناہ گزین کی حیثیت سے زندگی بسرکرنے پر مجبور ہیں۔ حال ہی میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد ایک کروڑ چوبیس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔