چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج نے حراستی مرکز میں طلب کر کے فلسطینی معلمہ گرفتار کر لی

بدھ 25-مئی-2016

اسرائیلی پولیس نے فلسطینی معلمہ ھنادی الحلوانی کو بیت المقدس میں قائم ایک حراستی مرکز میں طلب کرنے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض پولیس نے فلسطینی معلمہ کو بیت المقدس میں قائم مسکوبیہ حراستی مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا، جس پرعمل درآمد کرتے ہوئے وہ حراستی مرکز میں پیش ہوئیں۔ اسرائیلی پولیس نے انہیں حراست میں لینے کے بعد کئی گھنٹے تک ان سے تفتیش کی۔

انسانی حقوق کے مندوب رمزی کتیلات نے بتایا کہ ھنادی الحلوانی کو حراست میں لیے جانے کے بعد مسکوبیہ سینٹر کے کمرہ نمبر 4 میں لے جایا گیا، جہاں کئی گھنٹے تک اس ان سے پوچھ تاچھ جاری رہی۔

کتیلات نے بتایا کہ اسرائیلی تفتیش کاروں نے الزام عاید کیا ہے کہ الحلوانی نے ایک کالعدم تنظیم کو اپنی  خدمات پیش کی ہیں اور اس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس لیے اس کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ حلوانی کو مسکوبیہ حراستی مرکز ہی میں رکھا گیا ہے جہاں اسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری نے بیت المقدس میں وادی الجوز کالونی میں واقع ھنادی الحلوانی کے گھر پر دھاوا بولا تھا اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔ اس کے بعد قابض فوج ان کے شوہر کی دکان پر پہنچے اور انہیں ایک نوٹس حوالے کیا جس میں کہا گیا تھا کہ  ھنادی فوری طورپر پولیس سینٹر میں خود کو پیش کرے۔

مختصر لنک:

کاپی