اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل حل کرتے ہوئے فلسطین میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی تیاری شروع کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ’’فیس بک‘‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو تنخواہوں کی عدم ادائی، بجلی اور گذرگاہوں کی بندش جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ کو غزہ کے عوام کے مسائل کے حل کی ذمہ داری اپنے سرلینی چاہیے۔
ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ حماس فلسطین میں قومی مفاہمت کا عمل مزید آگے بڑھاتے ہوئے متفق علیہ امور پرعمل درآمد کی خواہاں ہے مگر فریق ثانی کی جانب سے قومی مفاہمت کے عمل میں تاخیر برتی جا رہی ہے۔
انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ بلا تاخیر فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات کی تیاری کریں۔ انہوں نے صدرعباس سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک غیرمتنازعہ الیکشن کمیشن تشکیل دیں جو ملک میں انتخابی عمل کے شفاف انتظامات کو یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔