پنج شنبه 01/می/2025

ملائیشیا میں ’ہفتہ القدس‘ نصرت فلسطین کےعزم کے ساتھ اختتام پذیر

پیر 16-مئی-2016

ملائیشیا میں ایک ہفتہ قبل ’ہفتہ القدس‘ کے حوالے سے منعقدہ پروگرام کل اتوار کو ’یوم نکبہ‘ کے موقع پر اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ فلسطینی قوم کی حمایت و نصرت کے ساتھ القدس کے دفاع کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھیں جائیں گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’ہفتہ القدس‘ کا اہتمام ملائیشیا کی اسلامی جماعت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ہفتہ القدس کی تقریبات کوالالمپور میں عالمی علماء کونسل کے نائب صدر کے دفتر میں منعقد کی گئیں۔

ہفتہ القدس کی تقریبات کے اختتام پر کانفرنس کے شرکاء نے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کی مکمل حمایت اور تائید کی اور کہا کہ وہ فلسطینی قوم کی ہرممکن مدد اور ان دیرینہ حقوق کی حمایت کے ساتھ صہیونی ریاست سے تعلقات کے قیام کے خلاف جدو جہد جاری رکھیں گے۔

ہفت روزہ کانفرنس کے اختتام پر ملائیشیا کی اسلامک پارٹی کے صدر الشیخ عبدالھادی اونگ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور مسئلہ فلسطین عالم اسلام کے مرکزی مسائل میں شامل رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا جب تک فلسطین کا مسئلہ منصفانہ انداز میں حل نہیں ہو پاتا اس وقت تک مشرق وسطیٰ میں دیر پاامن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ملائیشیا کی حکومت کے ساتھ فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کی پالیسی سے مکمل طورپر متفق ہے۔ الشیخ ھادی اونگ کا کہنا تھا کہ کولالمپور میں ہفتہ القدس کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد مسئلہ فلسطین کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ضرورت پرزر دینا اور اسرائیل کے ہرسطح پر بائیکاٹ کی تحریک کو موثر انداز میں آگے بڑھانا تھا۔

خیال رہے کہ ملائیشیا میں ہفتہ القدس کی مناسبت سے تقریبات 6 مئی سے 15 مئی تک جاری ہیں۔ اس دوران القدس اور فلسطین کے حوالے سے کئی سیمینار، لیکچرز، ریلیاں اور دیگر پروگرامات منعقد کیے گئے۔

بعد ازاں مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الشیخ عبدالھادی اونگ نے کہا کہ اسرائیل اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے خود ہی خوف کا شکار ہے اورصہیونی ریاست کی امیدیں اب دم توڑ رہی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی