جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل کو نہیں مانتے، فلسطین کے چپے چپے کو آزاد کرائیں گے:حماس

اتوار 15-مئی-2016

فلسطین میں سنہ 68 سال پیشتر صہیونی ریاست کے قیام کی یاد میں آج 15 مارچ کو ہرسال کی طرح ’یوم نکبہ‘ منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں آزادی فلسطین کے لیے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ  وہ صہیونی ریاست کو کسی صورت میں آئینی طورپر تسلیم نہیں کرے گی۔ اسرائیل ایک ناجائز اور قابض ملک ہے۔ حماس تمام فلسطینیوں اور ارض فلسطین کے چپے چپے کی آزادی تک جدو جہد جاری رکھے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس آج تک فلسطین کے ایک انچ سے بھی دستبردار نہیں ہوئی اور نہ ہی آئندہ ایسا کرے گی۔ تمام فلسطینیوں کو صہیونی چنگل سے نجات دلانے اور فلسطین کے چپے چپے کو دشمن کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔ مسلح مزاحمت اور جہاد فلسطینی قوم کے پاس آزادی کا اہم ترین اور موثر ہتھیار ہے اور حماس مزاحمت کے ہتھیار کو ترک نہیں کرے گی۔

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ فلسطینی قوم نے آزادی کی خاطر بے پناہ قربانیاں دیں اور مظالم جھیلے ہیں۔ ہمارے بیٹوں، بچوں، بیٹیوں،ماؤں اور نوجوانوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو سینچا ہے۔ آج اگر ہم اسرائیل کو تسلیم کرلیتے ہیں تو ہم ان شہداء کے مجرم ہوں گے۔ اس لیے حماس شہادت اور عزیمت کے راستے پر چلتی رہی گی۔ جلد یا بدیر صہیونی غاصب فلسطین سے نکل جائیں گے۔

حماس نے عالمی برادری کی جانب سے فلسطینی قوم کو نظرانداز کیے جانے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کو انصاف فراہم نہیں کرسکی۔ آج بھی لاکھوں فلسطینی دوسرے ملکوں میں پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کے عالم میں زندگی بسرکرنے پرمجبور ہیں۔ فلسطینی مہاجرین کی واپسی فلسطینی قوم کے بنیادی اور دیرینہ مطالبات میں سے ایک ہے۔ جب تک فلسطینی پناہ گزینوں کوواپس وطن میں آنے کا حق نہیں دیا جاتا ہماری جدو جہد اس وقت تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ 15 مئی 1948ء کو ارض فلسطین میں قیام اسرائیل کے ناسور کا بیج بویا گیا۔ آج اسے 68 برس ہوچکے ہیں۔ فلسطینی عوام آج بھی سراپا جدو جہد ہیں اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ فلسطینی قوم پندرہ مئی کو ہرسال ’یوم نکبہ‘ کے طورپر  اس عزم کے ساتھ مناتی ہے کہ آزادی کی منزل کے حصول تک قابض اسرائیل کے خلاف جہاد جاری رکھا جائے گا۔

مختصر لنک:

کاپی