فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جیل میں قید صحافی عمر نزال کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے فلسطینی صحافیوں پر اسرائیلی فوج نے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی صحافی شدید زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عالمی یوم صحافت کے موقع پر بیتونیا کے مقام پر قائم اسرائیلی جیل عوفر کے سامنے فلسطینی سول سوسائٹی اور صحافتی برادری نے زیرحراست صحافی عمر نزال کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم تین صحافی اور متعدد عام شہری زخمی ہوگئے۔ زخمی صحافیوں کو رام اللہ کے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی صحافی عمر نزال فلسطینی پریس کلب کے رکن ہیں۔ انہیں اسرائیلی جیل میں انتظامی قید کی سزا کا سامنا ہے۔