فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں منگل کے روز ’’دولیف‘‘ نامی یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار کر ایک فلسطینی شہری کو شہید کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی شہری کو گولیاں اس وقت ماری گئیں جب اس نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین یہودی فوجیوں کو زخمی کر دیا تھا۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل’0404‘ کے مطابق دولیف یہودی کالونی کے قریب ایک فلسطینی شہری نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین اسرائیلی فوجی زخمی کر دیا۔ اس موقع پر فوجیوں نے گولیاں مار کرفلسطینی حملہ آور کو شدید زخمی کر دیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مغربی رام اللہ میں چیک پوسٹ نمبر 17 کے قریب بیتونیا کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر کے 37 سالہ فلسطینی احمد ریاض عبدالعزیز شحادہ کو شہید کر دیا۔ شہید کا آبائی تعلق قلندیا پناہ گزین کیمپ سے ہے۔
اسرائیلی فوج نے شہید کا جسد خاکی روک لیا تھا تاہم رات گئے اسے فلسطینی حکام کے حوالے کیا گیا ہے جو ضروری قانونی کارروائی کے بعد آج بدھ کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا جہاں اسے قلندیا قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
عبرانی اخبار’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک خبرمیں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مقتول فلسطینی نے گولیوں کا نشانہ بننے سے قبل تین اسرائیلی فوجیوں کو گاڑی تلے کچل ڈالا تھا، جس کے نتیجے میں تینوں فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ گاڑی کی ٹکرکے بعد اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی کار ڈرائیور پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔