جمعه 15/نوامبر/2024

اپریل میں صہیونی فورسز کی کارروائیوں میں 490 فلسطینی گرفتار کیے گئے

پیر 2-مئی-2016

فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مرتب کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں 490 فلسطینی گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالے گئے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ’’اسیران اسٹڈی سینٹر‘‘ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کی ایک نقل مرکز اطلاعات فلسطین کو بھی موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے دوران اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں 65 بچے اور 27 خواتین بھی حراست میں لی گئیں۔ محروسین میں 21 افراد کی عمریں ساٹھ سال سے زاید بتائی جاتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض فوجیوں نے غزہ کے علاقے سے 20 ماہی گیروں سمیت 30 شہریوں کو حراست میں لیا۔ بعض فلسطینیوں کو غزہ سے علاج کے لیے غرب اردن جاتے ہوئے بیت حانون گذرگاہ سے گرفتار کیا گیا۔

قابض فورسز نے بیت المقدس میں تلاشی کے دوران 18 معمر شہریوں کو قبلہ اول میں نماز کی ادائی کی پاداش میں گرفتار کیا جب کہ بیت المقدس ہی سے 27 خواتین بھی حراست میں لی گئیں اور ان پر مسجد اقصیٰ کے ’مرابطات‘ ہونے کا الزام عاید کیا گیا۔

رپروٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے دوران بیت المقدس یونیورسٹی کی چار طالبات ھالہ محمد البیطار، نور الاسلام درویش، رام اللہ، سلام ابو شرار ارو مجد یوسف عطوان کو حراست میں لیا گیا۔

قابض فوجیوں نے تلاشی کی کارروائیوں میں نو سالہ محمد الطویل سمیت کل 65 بچوں کو گرفتار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں اسرائیلی عدالتوں کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو انتظامی قید کی سزاؤں کا سلسلہ بھی جاری رہا اور گذشتہ ماہ 186 فلسطینیوں کو انتظامی قید کی سزائیں دی گئیں۔

مختصر لنک:

کاپی