فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں نعلین کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے ایک احتجاجی جلوس پر صہیونی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی رام اللہ میں نعلین کے مقام پر اتوار کے روز فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی آباد کاری اور دیوار فاصل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے ان پرلاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے نعلین اور آس پاس کے علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں میں تلاشی کا سلسلہ بھی کئی گھنٹے تک جاری رکھا۔ اس پر مقامی آبادی مشتعل ہو گئی اور انہوں نے قابض فوج کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے۔