فلسطینی پناہ گزینوں کے اپنے گھروں کو واپس لانے کے حق کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر برطانوی حکومت کی مجرمانہ خاموشی پر کڑی تنقید کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق "مرکز برائے حق واپسی” کی جانب سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے حکومت کی خاموشی پر تنقید کریں۔ مکتوب میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جرائم پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے ریاستی دہشت گردی میں ملوث اسرائیلی قیادت کو کٹہرے میں لانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
مکتوب میں برطانوی سیاست دانوں اورارکان پارلیمنٹ کی توجہ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف مبذول کرائی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت فلسطینی اسیران کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ لندن حکومت اسرائیلی مجرموں کے جرائم پر پردہ ڈالنے کے بجائے انہیں کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کرے۔
خیال رہے کہ ’مرکزحق واپسی‘ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کی وطن واپسی کے لیے سرگرم ایک رجسٹرڈ ادارہ ہے جس کا صدر مقام برطانیہ کے شہر لندن میں واقع ہے۔ اس ادارے کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے عالم فورمز پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔