اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے اپنے دورہ ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے سوا گھنٹے کی طویل ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک خبر رساں ادارے "اناطولیہ” کے مطابق صدر ایردوآن نے خالد مشعل سے ملاقات کے دوران فلسطینیوں کے حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی فلسطینیوں کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گا، بلکہ مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی غیرمشروط حمایت جاری رکھی جائے گی۔
خیال رہے کہ خالد مشعل انقرہ میں منعقدہ کانفرنس "شکریہ ترکی” میں شرکت کے لیے ترکی میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے ترک ایوان صدر میں رجب طیب ایردوآن سے ان کے دفتر میں سوا گھنٹے کی ملاقات کی۔ ملاقات ان کیمرہ تھی اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ترکی میں منعقدہ "شکریہ ترکی” تین روزہ کانفرنس جمعہ کے روز شروع ہوئی تھی جس میں دنیا بھر سے 50 اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ان میں حماس کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل، عالمی علماء کونسل کے چیئرمین علامہ یوسف القرضاوی اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔