فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں یوم اسیران کی مناسبت سے ایک میراتھن دوڑ کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” اور تحریک فتح کی قیادت نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں میراتھن دوڑ کا اہتمام فلسطین اسپورٹس یونین کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں نوجوان کھلاڑیوں، سیاسی کارکنوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
حماس رہ نما اسماعیل رضوان نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ میراتھن دوڑ کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ فلسطینی قوم آپس میں متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی اور قیدیوں کے حقوق کے لیے تمام فلسطینی باہم متحد ہیں اور آخری فلسطینی شہری کی صہیونی دشمن کی قید سے رہائی تک جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میراتھن دوڑ نے حماس اور تحریک فتح کی قیادت کو بھی ایک دوسرے کے قریب کردیا ہے کیونکہ میراتھن ریس میں دونوں جماعتوں کے قایدین اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔