جمعه 15/نوامبر/2024

دسیوں یہودی آباد کار مسجد اقصیٰ میں داخل، فضاء میں سخت کشیدگی

مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس پرسنہ 1967ء کی جنگ کے دوران اسرائیلی تسلط سالگرہ کے موقع پر آج پانچ جون بروز اتوار دسیوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ دوسری جانب یہودی آباد کاروں کی آمد کے موقع پر قبلہ اول میں فضاء نہایت کشیدہ ہے اور فلسطینی شہریوں کی جانب سے سخت غم وغصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق اتوار کے روز یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے چھوٹی بڑی ٹولیوں کی شکل میں قبلہ اول میں آنا شروع کیا۔ یہودی شرپسندوں کو اسرائیلی فوج ، پولیس اور اسپیشل کمانڈوز کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔

مسجد اقصیٰ میں تلمودی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں داخل ہونے والے یہودی آباد کاروں کے ساتھ ان کے یہودی ربی بھی موجود تھے، جنہوں نے یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کے کھنڈرات کی موجودگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی اور یہودی مذہب میں ہیکل سلیمانی کی اہمیت پر روشنی ڈال کرانہیں مشتعل کرنےکی کوشش کی گئی۔

دوسری جانب اتوار کو علی الصباح ہی سے فلسطینی شہریوں نے بھی قبلہ اول میں عبادت کے لیے داخل ہونے کی کوشش کی مگر اسرائیلی فوج اورپولیس نے فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روک دیا۔

خیال رہے کہ یہودی آباد کاروں کی ٹولیاں ایک ایسے وقت میں قبلہ اول پر یلغار کررہی ہیں جب اسرائیل میں بیت المقدس اور قبلہ اول پر یہودی قبضے کی یاد میں ’فتح‘ کی تقریبات منائی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل نے سنہ 1967ء کو جون میں چھ روز تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسرائیل آج تک اس قبضے کو عظیم الشان فتح کے طور پر مناتا ہے جب کہ فلسطینی اس روز یوم سیاہ مناتے اور اسرائیلی قبضے کے خلاف ریلیاں نکالتے ہیں۔

یہودی آباد کاروں کی آمد اور قبلہ اول پردھاووں کے باعث مسجد میں فضاء سخت کشیدہ ہے اور شہریوں کی جانب سے سخت غم غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے آنے والی مسلمان فلسطینی خواتین کو اندر جانے سے روک دیا جس کے باعث وہ گھنٹوں مسجد کے بیرونی دروازوں پر کھڑی رہیں۔ خواتین نے باہرقطاروں میں کھڑے ہو کر قرآن پاک کی تلاوت شروع کی۔

قبل ازیں اسرائیل کی 27 یہودی تنظیموں نے یہودی آبادکاروں سے آج اتوار کو مسجد اقصیٰ میں جمع ہونے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔ یہودی گروپوں کی جانب سے آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں لانے کے لیے آگاہی مہم کے تحت ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

مختصر لنک:

Copied