کل اتوار کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں سنجل کے مقام پر مسلح یہودی آباد کاروں نے فلسطینی کاشت کاروں پر حملہ کیا اور انہیں ان کے کھیتوں سے نکال باہر کرنے کی کوشش کی۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں پریہ حملہ اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی اور تعاون کے ساتھ کیا ہے۔ یہودی آباد کاروں کی طرف سے نہتے فلسطینی کسانوں پر ہونے والے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ یہ فلسطینی سنجل کے شمال مشرق میں اپنی اراضی میں کاشت کاری کر رہے تھے۔
یہودی شرپسندوں نے فلسطینی شہریوں پر لاٹھیوں سے حملہ کیا۔ اس وقت اسرائیلی فوج کچھ فاصلے پر کھڑی یہودی شرپسندوں کو تحفظ فراہم کر رہی تھی۔
شرپسندوں نے کھیتوں میں لگائے پودے اور دیگر زرعی اجناس تلف کردیں۔ اس موقعے پر فلسطینی کاشت کاروں نے یہودی آباد کاروں کی مجرمانہ غنڈہ گردی کا بھرپور مقابلہ کیا۔