قابض صہیونی فوج نے منگل کے روز فلسطین کے علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
قابض فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینیوںکے گھروں میں گھس کر لوٹ مار، توڑپھوڑ اور شہریوں کو زد و کوب کیا۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران 26 سالہ عدی حمیدان الشرباتی، ھانی شاکر الفاخوری اور عبدالھادی ابو خلف کو ان کے گھروں میں گھس کر گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے ان کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے الخلیل سے ایک اور فلسطینی کو گرفتار کیا ہے تاہم اس کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔ قابض فوج نے فلسطینی شہری سراج فاخوری کے گھر میں بھی گھس کر تلاشی لی اور لوٹ مار اور توڑپھوڑ کی۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں قابض فوج نے السیلہ الحارثیہ سے محمد منیر طحاینہ اور شمالی علاقے عرابہ سے صالح صبری کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے اندرو فلسطین میں ایک کارروائی کے دوران داود حسام متعب طحاینہ اور محمد عمر نجیب العمری کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ادھر رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں اسامہ التیمیمی، ایاس التیمیمی اور مومن کسبہ کو حراست میں لے لیا۔
قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں تلاشی کے دوران حسام فرعون، نزار بصہ،ابو دیس سے خمیس بحر کو حراست میں لے لیا۔