اردن کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کی ایک سرکاری اسپتال میں آکسیجن کی معطلی کےنتیجے میں متعدد مریض جاںبحق ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم بشر الحصاونہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
اردن کی نیوز ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہ واقعہ دارالحکومت عمان کے ‘السلط’ اسپتال میں پیش آیا۔ اردن کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ وزیر صحت نذیر عبیدات نے السلط اسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کر کے واقعے کی جان کاری حاصل کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے اس میں قصور وار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے جوڈیشل کونسل کے صدر سے پبلک پراسیکیوشن کے ذریعے تحقیقات کروانے اور واقعے کی آزادنہ انکوائری کا حکم دیا ہے۔
اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات سخرر دودین نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ وزیر صحت نذیر عبیدات ، فوری طور پر السلط اسپتال گئے تاکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے واقعے کی تصدیق کی جاسکے۔