قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی مجد بریر کو 20 سال قید کے بعد رہائی کے چند گھںٹوں بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مجد بریر کو اسرائیلی فوج نے منگل کے روز سلوان کے مقام پر فلسطینی شہری مجد بریرکےگھر پر چھاپہ مارا اور گھر میں موجود ان کے بچوں کو زدو کوب کیا اور اس کے بعد سابق اسیر مجد بریر کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ہلال احمر فلسطین کے مطابق مجد بریر کی گرفتاری کےخلاف فلسطینیوںنے اسرائیلی فوج کے خلاف مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد زخمی ہوگئے۔
ہلال احمر کے مطابق زخمی ہونے والے متعدد فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے مجد بریر کی رہائش گاہ پر اس کی رہائی کی خوشی میں جمع ہونے والے فلسطینیوں پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
خیال رہے کہ مجد بریر کو اسرائیلی جیل سے 20 سال کے بعد رہا کیا تھا۔ اسے 30 مارچ 2001ء کو عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ساتھ تعلق کےالزام میں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا تھا۔ مجد بریر شادی شدہ تھے اور اس وقت ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی تھی۔ بیٹی کی عمر صرف 15 دن تھی۔ آج یہ دونوں بچے جوان ہیں۔