اردن میں دو روز قبل حکومت کا تختہ الٹنے کی مبینہ سازش کو ناکام بنائے جانے کے بعد اس سلسلے میں ہونے والی گرفتاریوں پر عرب ممالک نے اردنی حمایت اور شاہ عبداللہ دوم کی مکمل حمایت کی ہے۔
عرب لیگ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیگ اردنی حکومت کی ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔
اردن میں حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد سعودی عرب سمیت کئی دوسرے بڑے عرب ملکوں نے اردنی فرمانروا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب ، قطر اور امریکا نے اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کی حمایت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
عرب ممالک نے سابق ولی عہد کو نظر بند کرنے اور شاہی دیوان کے سابق چیئرمین باسم ابراہیم عوض اللہ سمیت دیگر عہدیداروں کی گرفتاری کی حمایت کی ہے۔
سعودی شاہی دربار کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت شاہ عبداللہ الثانی اور ان کے ولی عہد کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
قطر، کویت، لبنان کے وزیراعظم سعد حریری اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے بھی اردنی حکومت اور شاہ عبداللہ دوم کی اقتدار پرقبضے کی سازش کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی حمایت کی ہے۔