شنبه 16/نوامبر/2024

‘او آئی سی’ سے قبلہ اول کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

جمعہ 16-اپریل-2021

اسرائیلی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں بے جا مداخلت اور اشتعال انگیزی کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے اسلامی تعاون تنظیم ‘او آئی سی’ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف احمد العثیمین کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں مسجد اقصیٰ کی اسرائیلی  فوج کے ہاتھوں ہونے والی بے حرمتی کےواقعات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔

ریاض المالکی نے او آئی سی کے تمام رکن ممالک  پرزور دیا ہے کہ وہ بیت المقدس میں مسلمانوں او عیسائیوں کے مقدس مقامات بالخصوص مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری اشتعال انگیزی روکنے کے لیے اسرائیل پر دبائو ڈالیں۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کی آمد پرپابندیاں بڑھا دی ہیں اور قابض ریاست نے مسجد میں اذان دینے پرپابندی عاید کردی ہے۔

فلسطینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اسلامی تعاون تنظیم، اردن اور دوسرے مسلمان ممالک کے ساتھ مل کر قبلہ اول میں اسرائیلی مداخلت کو روکنے کے لیے کام جاری رکھے گی۔

خیال رہے کہ منگل کے روز اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ کے باب السلسلہ اور اسلامی میوزیم کی چھت کو ملانے والے راستے پرموجود لائوڈ اسپیکروں کی تاریں کاٹ ڈالی تھیں۔ قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں اوقاف کے ملازمین کو بھی داخل ہونے سے روک دیا اور مسجد میں سحری اور افطاری کا سامان لے جانے پربھی پابندی عاید کی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی