اسرائیل نے سات اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری جنگ جسے بین الاقوامی سطح پر فلسطینیوں کی نسل کشی کی جنگ سمجھا جاتا ہے، امریکہ کی حمایت سے مسلسل جاری ہے۔ جمعہ کے روز اس جنگ کا 308 واں دن شروع ہو گیا ہے۔
اسرائیل کی تاریخ میں فلسطینیوں اور عربوں کے خلاف یہ ایک پہلی طویل ترین جنگ ہے۔ اس میں اب تک صرف غزہ میں 39700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی جنگ کے بارے میں عالمی سطح پر آج کی مہذب دنیا کی دونوں بڑی عدالتیں اپنے اپنے انداز میں اس جنگ اور اس جنگ کے لڑنے والوں کے بارے میں اپنی رائے ظاہر کر چکے ہیں۔
بین الاقوامی عدالت انصاف اسے نسل کشی کہہ چکی ہے۔ جبکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت اس نسل کشی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی وجہ سے نیتن یاہو اور اس کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو جنگی جرائم میں مطلوب قرار دے چکی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندوں نے اس جنگ کے 308 ویں دن میں داخل ہونے کے موقع پر اطلاع دی ہے پچھلے چوبیس24 گھنٹوں میں خان یونس، رفح اور غزہ کے دیگر مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر بمباری اور اسرائیلی فوج کے دیگر حملے جاری رہے۔
ادھر غزہ کے انتہائی جنوب میں مصری سرحد پر واقع شہر رفح میں بھی اسرائیلی فوج کے زمینی حملے اور مسلسل ٹینکوں کی یلغار کو تین ماہ سے زائد ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی طرح رفح میں بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی اسیران سے متعلق میڈیا آفس نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پانچ فلسطینیوں کو اسرائیلی جیل میں شہید کر دیا گیا ہے۔ یہ اسرائیلی حکام کے تشدد کا نشانہ بنے۔ ان میں وفا امین محمد عبدالہادی، عطا یوسف حسن فیاض، فتحی محمد محمود جدلہ ماجد حامدی، ابراہیم سوافیری علی عبداللہ اور سلیمان الحولی شامل ہیں۔
اسی دوران اسرائیل کی 98ویں ڈویژن نے فلسطینیوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا ہے۔ یہ آپریشن خان یونس میں شروع کیا گیا ہے جو جنوبی غزہ کا اہم شہر ہے۔
جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں حویلہ خاندان کے گھر پر ہونے والی اسرائیلی بمباری میں پانچ ماہ کے شیر خوار سمیت تین فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب نصیرات کیمپ میں متر خاندان کے گھر پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے بم پھینکے ہیں، جس کے نتیجے میں چار فلسطینیوں سمیت متعدد زخمی ہیں۔ جبکہ غزہ کی پٹی پر واقع المغازی پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی اسرائیلی بمباری سے دو فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہیں۔