پنج شنبه 01/می/2025

جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماؤں کی فلسطینی سفیر سے ملاقات

ہفتہ 15-مئی-2021

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے اسلام آباد میں فلسطینی سفیر احمد امین رابعی سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کے امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم فلسطین کی آزادی کے لیے متحد ہے ۔ فلسطین کی آزادی ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی نکات میں شامل ہے ۔ آزادی ٔ فلسطین کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  نے خود خارجہ پالیسی میں شامل کیا تھا ۔ مسجد اقصیٰ کی آزادی سے روگردانی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 23 مئی کو لاہورمیں قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر متفقہ موقف اختیار کیا جائے گا ۔

اس موقع پر وفد کے ارکان نے اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سفارتخانے میں رکھے گئے رجسٹر میں اپنے تاثرات درج کیے ۔ وفد کے ارکان نے فلسطینی سفیر کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔

فلسطینی سفیر نے پوری پاکستان قوم ، جماعت اسلامی اور اس کے امیر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم کی حمایت ہمارے لیے حوصلے کا باعث ہے ۔ فلسطینی سفیر نے کہاکہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کی نوجوان نسل آزادی کے حصول کے لیے ہر قسم کی قربانی پر آمادہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی افواج بمبارطیاروں اور ٹینکوں کے ذریعے نہتے فلسطینیوں پر حملہ آور ہے اور سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے شہادت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن ہم مسلمان حکمرانوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ فلسطینی نوجوان اگر نہتے ہو کر اسرائیلی افواج سے مقابلہ کرسکتے ہیں تو یہ حکمران کیوں خوفزدہ ہیں

انہوں نے کہا کہ فلسطینی تحریک آزادی کا مستقبل روشن ہے کیونکہ اسرائیلی افواج کا مقابلہ کرنے والے تمام نوجوان ہیں اور ان کے عزائم بلند ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر غزہ اور بیت المقدس کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

مختصر لنک:

کاپی