فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی کو گذشتہ روزاس کے آبائی علاقے رام اللہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہید فلسطینی احمد جمیل فہد کا جسد خاکی الامعری پناہ گزین کیمپ لایا گیا جہاں سے اسے آبائی علاقے البیرہ منتقل کیا گیا۔ شہید فلسطینی کےجنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر سخت جذباتی اور رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوجیوں کی کمانڈو یونٹ کے اہلکاروں نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ جام شہادت نوش کرگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کے خفیہ یونٹ’مستعربین’ کے اہلکاروں نے رام اللہ کے قریب البیرہ کے مقام پر ام شرایط کالونی میں گھس کر فلسطینی نوجوان احمد جمیل فہد کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی شہید ہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ احمد جمیل کو گولیاں مار کر شدید زخمی کیا گیا اور اس کے بعد اسے سڑک پر زخمی حالت میں پھینک دیا گیا۔ امدادی کارکنوں اور فلسطینیوں نے شدید زخمی فلسطینی کے قریب جانے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے انہیں اس کے پاس نہ جانےدیا۔
بعد ازاں جام شہادت نوش کیے جانے کے بعد اس کا جسد خاکی الامعری پناہ گزین کیمپ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔