اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے حال ہی میں گرفتار کیے گئےایک فلسطینی رہ نما اسلام ماجد دنون کو چھ ماہ کی قابل تجدید انتظامی قید کی سزا سنائی ہے۔
ماجد دنون کا تعلق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے رنتیس سے ہے۔
فلسطینی اسیران میڈیا سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی عدالت نے اسلام ماجد دنون کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ ان کی اس سزا میں بار بار تجدید کی جا سکتی ہے۔ اسلام ماجد دنون اس سے قبل گیارہ سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
اسلام دنون کو اسرائیلی فوج نے 13 جون کو ان کے گھر پرچھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے ان کے گھرمیں گھس کر وہاں پرموجود ان کے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ گھر میں توڑپھوڑ کی اور قیمتی اشیا کی لوٹ مار کی گئی۔ گرفتاری کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ رنتیس کے علاقے میں اسرائیلی فوج آئے روز کریک ڈائون کرتی اور چھاپے مارتی رہتی ہے۔