فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےشمالی شہر نابلس میں بیتا کے مقام پر اسرائیلی ریاست کےغاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں پر قابض فوج نے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں 20 فلسطینی شہری ز خمی ہوگئے ہیں۔ ہلال احمر فلسطین کے مطابق زخمی ہونے والے بعض شہریوں کی ہڈیاں توڑ دی گئی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے امدادی کارکنوں نے بیتا قصبے کے جبل صبیح کے مقام پر اسرائیلی فوج کے تشدد سے زخمی ہونے والے 21 فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ ان میں سے 12 زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے تھے جب کہ بعض شہری دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ آٹھ فلسطینی بھگدڑ کے دوران زخمی ہوئے جب کہ ایک شہری گیس کا گولہ لگنے سے زخمی ہوا۔ زخمی ہونےوالے چار فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ایک مقامی فلسطینی شہری 27 سالہ عمار یوسف حمائل کو اس کے گھر سے اٹھا لیا گیا ہے۔
گذشتہ شب جبل صبیح کے مقام پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ قابض فوج نے نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا اندا دھند استعمال کیا۔