اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار’یسرائیل ھیوم‘ نے بتایا ہے کہ دو روز قبل امریکی ریاست فلوریڈا میں زمین بوس ہونے والی ایک کثیر منزلہ عمارت کے ملبے تلے کم سے کم 34 اسرائیلی دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق میامی کے ساحل کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے کئی افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جب کہ ابھی تک 34اسرائیلی اس ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اخباری رپورٹ کے مطابق منہدم ہونے والی کثیر منزلہ عمارت میں 99 افراد لاپتا ہوگئے تھے۔ ان میں 34 اسرائیلی شہری ہیں جن کا تا حال پتا نہیں چلایا جاسکا ہے۔
اس واقعے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے جنوبی فلوریڈا میں ہنگامی حالت نافذ کردی تھی اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں میں ریاستی انتظامیہ کی مدد کریں۔
اخبار کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کی ’سیرفسائیڈ‘ کالونی میں چھ ہزار یہودی رہائش پذیر ہیں اور یہ کالونی امریکا میں آرتھوڈوکس یہودیوں کا گڑھ سمجھی جاتی ہے۔