ترکی نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز دھاووں اور فلسطینی نمازیوں پر قابض فوج کی طرف سے تشدد کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔
ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنا، یہودی آبادکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا، مسجد اقصیٰ میں عبادت کے لیے آئے فلسطینی شہریوں بالخصوص خواتین کو گرفتار کرنا انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرکے اور فلسطینی شہریوں پر تشدد کے مکروہ حربے استعمال کرکے انسانیت کی توہین کا مرتکب ہو رہا ہے۔
بیان میں کل اتوار کو یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد کی مسجد اقصیٰ کے حرمتی کی شدید مذمت کی اور فلسطینی نمازیوں پر صوتی بم استعمال کرنےکی شدید مذمت کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے یہودی انتہا پسندوں کو مسجد اقصیٰ کی حرمت پامال کرنے کی اجازت دے کر صہیونی نسل پرستی کا مظاہرہ کیا ہے۔