گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں دو الگ الگ کارروائیوں میں قابض اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی خاتون اور ایک بچے کو گرفتار کرلیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل سوموار کے روز القدس شہر کے نواحی علاقے باب العامود سے ایک فلسطینی خاتون کوتشدد کے بعد گرفتار کرلیا۔ ادھر القدس میں الطور کے مقام پر ایک دوسری کارروئی میں ایک فلسطینی بچے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
بیت المقدس کےمقامی ذرائع کے مطابق باب العامود سے اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کیا۔ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب باب العامود کے مقام پر فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور قابض فوج نے فلسطینی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔
اس موقعے پر فلسطینی نوجوانوں نے شہدا زندہ باد اور فلسطین زندہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے۔ نوجوانوں نے القدس سے تعلق رکھنے والے فدائی مصباح ابو صبیح شہید کی تحسین میں نعرے لگائے۔
ادھر قابض فوج نے الطور سے ایک فلسطینی لڑکے عدنان ابو الھویٰ کو گرفتار کرنے کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔