دبئی کے بین الاقوامی ائیرپورٹ پر دو طیاروں کے ٹکراو کا حادثہ پیش آیا ہے جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق فلائی دبئی اور گلف ائیر کے جہاز ائیرپورٹ کے رن وے پر ٹیکسی کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ فلائی دبئی کا کرغزستان جانے والا طیارہ رن وے سے اڑان بھرنے کی تیاری کے دوران دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا جس کے بعد دونوں جہازوں کو واپس اسٹینڈ پر بھیج دیا گیا۔
کمپنی انتظامیہ کے مطابق ‘معمولی حادثے کے شکار’ جہاز میں سوار تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کی تاخیر سے جانے والی ایک دوسری فلائٹ میں ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
گلف ائیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس کا ایک طیارہ ایک دوسرے کمپنی کے طیارے کی ٹکر کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔ کمپنی کے مطابق طیارے میں سوار مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔
دبئی ائرپورٹ حکام کے مطابق اس واقعے کے نتیجے میں ائیرپورٹ کے دو رن ویز کو 2 گھنٹوں کے لئے بند کرنا پڑا تھا۔ کرونا وائرس کی پابندیوں کے سبب اس بندش کے نتیجے میں ائیرپورٹ کے معمول کے آپریشنز میں کوئی تعطل پیش نہیں آیا۔