فلسطین میں سپریم افتا کونسل نے مسجد اقصیٰ کے جنوب مغرب میں اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے کی جانے والی کھدائی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں فلسطینی افتا کونسل نے وضاحت کی کہ اسرائیلی حکام مغربی گیٹ اور البرق اسکوائر میں کھدائی کر رہے ہیں جو پرانے القدس میں الشرف اور المغربی کونے کا حصہ ہے۔
کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملے فلسطینی مقدسات، آثار قدیمہ اور تاریخی یادگاروں کے خلاف مسلسل خلاف ورزیوں اور قبضے کی پالیسی کے مقاصد کے اندر آتے ہیں جس کا مقصد مقدس شہر کی خصوصیات کو تبدیل کرنا اور اس کے عرب اور اسلامی تشخص کو ختم کرنا ہے۔
کونسل نے کہا کہ یہ منصوبہ اسرائیل کے خطرناک ترین منصوبوں میں سے ایک ہے جو مسجد اقصیٰ کی بنیادوں کو کمزور کرتا ہے اور مغربی دیوار اور مسجد کی جنوبی دیوار کے کچھ حصے کو براہ راست متاثر کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
سپریم فتویٰ کونسل نے القدس شہر یا کسی اور فلسطینی زمین پر رئیل اسٹیٹ اور زمینوں کو قابض ریاست کو دینے ممانعت پر اپنے موقف کی تجدید کی۔ افتا کونسل نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 2200 گھروں کی تعمیر کے نام نہاد منصوبے کی شدید مذمت کی۔