لبنان نے اقوام متحدہ میں باضابطہ طور پر اپنے ملک کی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں پر صہیونی ریاست کے خلاف ایک بار پھر شکایت پیش کی ہے۔
لبنان کی طرف سے اقوام متحدہ میں پیش کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ قابض صہیونی فوج روزانہ کی بنیاد پر لبنان کی فضائی حدود میں گھس کر ملک کی خود مختاری کو پامال کررہی ہے۔ لبنان اس طرح کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
لبنانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق جمعہ کو لبنان نے اپنے نمائندے کے ذریعے اقوام متحدہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سےلبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کی شکایت کی اور اسرائیل کو لبنان کی فضائی حدود کو پامال کرنے کے اقدامات سے روکنے کا مطالبہ کیا۔
لبنانی وزیر دفاع اور خارجہ امور زینہ عکر نے اسرائیلی دشمن کی جانب سے لبنانی فضائی حدود سے شام پر میزائل حملوں کی مذمت کی اور اسے لبنان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے شام میں مختلف اہداف پر بمباری کی تھی۔ اس کے علاوہ قابض فوج نے لبنان کی فضائی حدود میں بغیر اجازت کے نچلی پروازیں بھی کیں۔