اسرائیل نے بحرین کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے ایک سال بعد منامہ میں اپنے پہلے سفیر کا تقرر کر دیا ہے۔
اسرائیل نے متحدہ عرب امارات میں اپنے سفارتی مشن کے قائم مقام سابق سربراہ ایتان نائح کا منامہ میں بہ طور سفیر تقرر کیا ہے۔وہ آٹھ ماہ تک یواے ای میں اسرائیلی سفارت خانے میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بحرین نے خالد یوسف الجلاحمہ کو تل ابیب میں اپنا سفیر مقرر کیا تھا۔ انھوں نے اسی ہفتے اسرائیل میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اسرائیل اور بحرین کے درمیان گذشتہ سال ستمبر میں امن معاہدہ طے پایا تھا
واضح رہے کہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان گذشتہ سال ستمبر میں معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھا۔ سابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے 15 ستمبر2020ء کو وائٹ ہاؤس میں بحرینی وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی کے ساتھ معاہدۂ ابراہیم پر دست خط کیے تھے۔
بحرین امریکا کی ثالثی میں یواے ای کے بعد اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ طے کرنے والا دوسراعرب ملک تھا۔ان دونوں ممالک کے بعد سوڈان اور مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔