چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں کی زندگی سے کھلواڑ بند کرے:عرب لیگ

منگل 26-اکتوبر-2021

عرب لیگ نے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی زندگی کو درپیش خطرات پر اسرائیل کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ بند کرے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے قاہرہ میں قائم صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت نصف درجن سے زاید فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں بلا جواز انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ ان میں سے بعض کی بھوک ہڑتال کئی ہفتوں سے جاری ہے جس کے باعث ان کی زندگی خطرے سے دوچار ہوچکی ہے۔ ان کی زندگیوں کو درپیش خطرات کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عاید ہوتی ہے۔

عرب لیگ نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی اسیران بالخصوص بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کے معاملے میں دانستہ لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہا ہے۔ عرب لیگ نے اسرائیل پر فلسطینی اسیران کے حقوق کا احترام کرنے اور بھوک ہڑتالی اسیران کے تمام جائز اور اصولی مطالبات تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے فلسطینی اسیران کی انتظامی قید کے خاتمے سے متعلق مطالبات کو نظرانداز کرنا بالخصوص کاید الفسفوس اور مقداد القواسمہ کی رہائی میں ٹال مٹول ناقابل قبول ہے۔

مختصر لنک:

کاپی