مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب ، ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام بالخصوص بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہودی شرپسندوں کے قبلہ اول پر دھاوے روکنے کے لیے مسجد اقصیٰ میں حاضر رہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق علامہ صبری نے کہا کہ یہودی انتہا پسند گروپ مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرتے ہوئے مقدس مقام کی بے حرمتی کررہے ہیں اور تلمودی تعلیمات کی آڑ میں مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ اس لیے انتہا پسند یہودیوں کی شرانگیزیوں سے قبلہ اول کو بچانے کے لیے فلسطینی مسجد اقصیٰ میں موجود رہیں۔
انہوں نے انتہا پسند یہودی گروپوں کے ان دعوؤں کو باطل قرار دیا جن میں انہوں نے مذہبی نعروں کے تحت ’عید المساخر‘ کی آڑ میں مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا اعلان کیا ہے۔ یہ دھاوے بدھ اور جمعرات کے روز ہوسکتے ہیں۔
الشیخ صبری نے کہاکہ اس طرح کے دعوے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی سوچی سمجھی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدھ اور جمعرات کو زیادہ سے زیادہ فلسطینی مسجد اقصیٰ میں جمع ہو کر قابض ریاست کی سرپرستی میں یہودی آباد کاروں کے دھاووں کو ناکام بنائیں۔