مسلمانوں اور مسیحیوں کو بیت المقدس کے لیے بھرپور اور مشترکہ آواز بلند کرنا ہو گی۔ یہ بات مسیحی اسلامی کونسل کے رکن فادر مینوئل سالم نے گذشتہ روز کہی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں اگلے اتوار کو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مسجد اقصیٰ پر انتہا پسند یہودیوں کی ممکنہ یلغار کو روکا جا سکے۔ انہوں نے پورے علاقے میں سب کو متحرک ہونے کے لیے کہا ہے۔ فلسطینیوں سے انہوں نے کہا ہے کہ اس دن ساری سڑکیں بلاک کردیں۔
فادر مینوئل نے انتہا پسند یہودیوں اور آبادکاروں کا مقابلہ کرنے کے لیے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو کسی بھی نقصان سے بچانے کے لیے ان کے مکروہ عزائم کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس سے قبل اسرائیلی عدالت نے آبادکار یہودیوں کو مسجد میں اپنی تالمودی عبادات کرنے کی اجازت دی تھی۔ فادر نے کہا ہے کہ یہ مقدس مقام ہر طرح سے مسلمانوں کا ہے اور اس کا احترام لازم ہے۔