چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیت لحم میں اسرائیلی فوج سے جھڑپوں میں فلسطینی لڑکا شہید

جمعہ 27-مئی-2022

فلسطینی میڈیکل ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ مغربی کنارے کے تاریخی شہر بیت لحم کی الخضر میونسپلٹی میں ایک فلسطینی لڑکا اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔

وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت زید سعید محمد غنیم کے طور پر کی ہے۔ پندرہ سالہ زید اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان الخضر میونسپلٹی میں ہونے والی مدبھڑ میں شہید ہوا۔

دوسرے میڈیکل ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ زید سعید کو اسرائیلی فوجی کی جانب سے چلائی گئی بندوق کے تین فائر گردن اور کمر میں لگے۔ زخمی حالت میں زید کو بیت لحم کے الیمامہ نامی پرائیویٹ ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے جانبر نہ ہو سکا۔

مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج، یہودی آبادکاروں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں کئی فلسطینی زخمی ہوئے۔

انجمن ہلال احمر نے مطابق ان جھڑپوں میں 88 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 کو بیت دجن، جبل صبیح، بیتا اور نابلس کے قصبے حوارہ میں ربڑ میں لپٹی دھاتی گولیاں لگنے سے زخم آئے۔

مختصر لنک:

کاپی