اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر رُکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام بیت المقدس کے دفاع کے لیے اپنی مزاحمت اور قبلہ اول سے ربط اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ دشمن ریاست کا آخری سپاہی اور فلسطین میں غاصب آباد کار کا اس کی مقدس سرزمین سے صفایا نہ کر دیا جائے اور ہمارے مقبوضہ علاقے کے ایک ایک انچ کو مکمل طور پر دشمن کے پنجے سے آزاد نہ کردیا جائے۔
انہوں نے زور دے کرکہا کہ القدس متحد ہے، ہمیشہ متحد رہے گا اور فلسطین کا ابدی دارالحکومت اور مسلمانوں کا قبلہ اول رہے گا۔
خیال رہے کہ آج اتوار کویہودی آباد کاروں نے قابض افواج کی حفاظت اور انتہا پسند اسرائیلی حکومت کی حمایت کی آڑ میں صبح کے اوقات میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور قبلہ اول کی منظم انداز میں بے حرمتی کی گئی۔ دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی قوتوں نے صہیونی دشمن کو قبلہ اول کی بے حرمتی کے سنگین نتائج پر خبردار کیا ہے۔
یہودی شرپسند بلوائیوں نے ایک ایسے وقت میں مسجد اقصیٰ پردھاوے بولے ہیں جب آج اتوار 29 مئی کو انتہا پسند یہودی مشرقی بیت المقدس میں نام نہاد ’فلیگ مارچ‘ منعقد کررہے ہیں۔ فلسطین اور عالم اسلام کی طرف سے یہودی آباد کاروں کے اس اشتعال انگیز اقدام کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔