فلسطین میں اسرائیلی ریاست دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے- عرب خبر رساں ادارے ’’قدس پریس‘‘ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اسرائیلی فوج کی ٹارگٹ کلنگ اور اندھا دھند فائرنگ سے دو سو اکاون فلسطینی شہید ہوگئے- شہداء میں ایک بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے-
رپورٹ کے مطابق رواں برس میں اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ فلسطینی شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا- اسی طرح اگست کے مہینے میں نوبچوں سمیت شہداء کی تعداد پچاس تک پہنچ چکی ہے-
سال 2000ء کے بعد سے اب تک 4803 فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں- رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے سب سے زیادہ حملے غزہ کی پٹی پر کیے – ان حملوں میں 39 شہری شہید کردیئے گئے- ایک شہری کو مقبوضہ بیت المقدس میں شہید کیا گیا- جبکہ دیگر شہریوں کو غرب اردن میں گولیاں مار دی گئیں- گزشتہ ماہ تین فلسطینی فدائی حملوں میں شہید ہوئے اور اسرائیل نے فضائی حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے دوران چار مجاہدین کو بھی شہید کردیا گیا-
رواں برس ٹارگٹ کلنگ کی کل چوبیس کارروائیاں کی گئیں جن میں 37 فلسطینی شہید کردیئے گئے-جبکہ گزشتہ آٹھ ماہ میں دراندازیوں اور فضائی حملوں میں تین درجن شہری شہید کیے گئے- قدس پریس رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آٹھ ماہ میں شہداء کی تعداد کچھ اس طرح ہے- جنوری 14، فروری 13، مارچ 11، اپریل 22، مئی 66، جون 45، جولائی 30 جبکہ اگست کے مہینے میں 51 افراد کو شہید کردیا گیا-
رپورٹ کے مطابق سال 2000ء کے بعد شہداء کی سالانہ تعداد یوں ہے- 2001ء میں 900، 2002ء میں 1115، 2003ء میں 693، 2004ء میں 912، 2005ء میں 240، 2006ء میں 692 شہریوں کو شہید کردیا گیا-