اسرائیلی عقوبت خانوں میں اسیر فلسطینیوں کے ساتھ جیلروں کے غیر انسانی سلوک پر حقوق انسانی کے ادارے ’’واعد‘‘ نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے- غرب اردن میں ’’واعد‘‘ کے مندوب نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکام قیدیوں کے ساتھ مجرمانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہیں- بے پناہ تشدد اور بنیادی حقوق کی عدم فراہمی کر کے اسرائیل قیدیوں کے عالمی طور پر مسلمہ حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے-
انسانی حقوق کے نمائندے نے انکشاف کیا کہ ’’عوفر‘‘ اور ’’صحرائے نقب‘‘ جیسے ٹارچر سیلوں میں قیدیوں سے شکاری اور تفتیشی کتوں سے تفتیش کی جاتی ہے- حال ہی میں عوفر جیل میں تفتیشی کتوں کے حملے میں کئی قیدی بری طرح زخمی ہوئے ہیں-
قیدیوں کو ایک جیل سے دوسری جیلوں میں منتقل کرنے کے دوران انہیں ٹرکوں میں باندھ کر اوپر نیچے لوڈ کیا جاتا ہے- ’’مجدو‘‘ جیل کے سترہ اسیروں کو اس حال میں دوسرے مقام پر منتقل کیا گیا جس کے باعث قیدیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے-