اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر وسیع آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں- تفصیلات کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع نے فلسطینی صدر محمود عباس اور مصری حکومت کو مطلع کیا ہے کہ غزہ کے مصر سے ملحقہ جنوبی علاقے میں سرنگوں کے خاتمے کے لیے فوج ایک بڑے آپریشن کی تیاریاں کرچکی ہے- تفصیلات ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام نے غزہ کے جنوبی حصے میں زیر زمین سرنگوں کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے ان کے خلاف تازہ کارروائی شروع کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے-
اسرائیلی اخبارات میں حکومت کے حوالے سے شائع شدہ خبروں کے مطابق حکام میں غزہ کی پٹی میں زیر زمین سرنگوں کے ذریعے اسلحہ اسمگلنگ اور اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی بڑھتی ہوئی قوت پر سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے- کہا جارہا ہے کہ اسرائیلی فوج آئندہ چند دنوں میں کرم ابو سالم اور صلاح الدین چوک تک کئی کلو میٹر تک علاقے میں موجود زیر زمین سرنگوں کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کردیگی- حکام کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد فوجی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو غزہ اسرائیل کے لیے دوسرا لبنان ثابت ہوگا اور خطرات کا ازالہ ناممکن ہو جائے گا- دریں اثناء قابض اسرائیلی افواج غزہ میں وقفے وقفے سے دراندازیوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں- غزہ کی مصر کے ساتھ ملحقہ حدود میں فوج کی نقل و حرکت میں اضافہ ہو رہا ہے- اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ وہ روزانہ غزہ کی حدود سے غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ روک رہی ہے- لیکن اس کے باوجود مجاہدین مصر سے غزہ اسلحہ اور دیگر چیزوں کی کامیابی سے منتقلی جاری رکھے ہوئے ہیں-