اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے نواح میں خضر اور طاس کے دو قصبوں کے 322 ایکڑ رقبے پر قبضہ کرلیا- تفصیلات کے مطابق بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے متعدد کھیتوں میں نسلی دیوار کی تعمیر کی غرض سے زمینیں ہتھیانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے- اسرائیلی فوج نے گزشتہ ایک ماہ سے مذکورہ زمینوں پر فلسطینیوں کے عمل دخل پر پابندی عائد کرتے ہوئے جگہ جگہ ایسی تختیاں نصب کردی تھیں جن پر شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ ان کھیتوں میں کسی قسم کی تعمیر یا کھیتی باڑی نہ کریں- مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے مقامی کمانڈنگ آفیسر جنرل جادی نے اسرائیلی بلدیہ کو اس علاقے میں نسلی دیوار کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری دی ہے- منصوبے کے مطابق آئندہ ہفتے مذکورہ علاقے میں نسلی دیوار کی تعمیر شروع ہو جائے گی-
