اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے کہاہے کہ شام کے ساتھ سرحد پر حالات ابھی تک کشیدہ ہیں- دونوں اطراف الرٹ ہیں – لیکن مجھے امید ہے کہ کشیدگی بتدریج ختم ہوجائے گی- شام اور اسرائیل دونوں ایک دوسرے سے جنگ نہیں چاہتے- مبصرین کے مطابق ایہود اولمرٹ کا یہ کہناکہ دونوں ممالک جنگ نہیں چاہتے شام کو جنگ بندی کا پیغام ہے-
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی وزیراعظم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام اور اسرائیل کی فوجیں سرحدوں پر لگی ہوئی ہیں- ہم سرحدوں پر شامی فوجوں کی تعداد کا جائزہ لے رہے ہیں- اسی طرح وہ ہماری فوجوں کا اندازہ لگا رہے ہیں- اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میرا اندازہ نہیں ہے کہ شام اسرائیل سے جنگ چاہتاہے اور اسی طرح ہم بھی ان سے جنگ نہیں چاہتے- اولمرٹ نے واضح کیا کہ وہ شام یا کسی اور عرب ملک کے بش کی طرف سے بلائی جانے والی امن کانفرنس میں شرکت کی مخالفت نہیں کریں گے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ امن عمل کی حمایت کریں
