فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت فتح میں اندرونی اختلافات کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا عمل شروع ہوچکاہے- محمود عباس نے پی ایل او کے سیاسی حلقے کے چیئرمین فارق قدومی کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا ہے – ذرائع کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے تمام ممالک کو خط کے ذزیعے مطلع کردیاہے کہ بیرون فلسطین میں فلسطینی اتھارٹی کے وزیرخارجہ ہی سفارتی نمائندگی کریں گے واضح رہے کہ قبل ازیں یہ منصب پی ایل او کے سیاسی حلقے کے چیئرمین کے پاس تھا- فلسطینی صدر نے یہ عہدہ سابقہ حکومت میں حماس کے وزارت داخلہ کے قلمدان سنبھالنے کے بعد فاروق قدومی کو دے دیاتھا- اب ایک نئے پیغام کے ذریعے عرب، اسلامی، افریقی اور غیر جانبدار ممالک کی تنظیم کے تمام ارکان کو فاروق قدومی کی سفارتی نمائندے کی حیثیت سے سبکدوشی کے بارے میں آگاہ کردیاگیاہے –
ذرائع کے مطابق فاروق قدومی کی سبکدوشی تہران میں غیر جانبدار ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں ان کی شرکت کے باعث کی گئی – تہران میں غیر جانبدار ممالک کی تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے فاروق قدومی نے فلسطینی وفد تشکیل دیاتھا- تہران میں فلسطینی سفیر نے محمورد عباس کے کہنے پر فاروق قدومی کو اجلاس میں شرکت سے روک دیاتھا- لیکن انہوں نے محمود عباس کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کی –
لندن سے عربی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ’’الحیاة‘‘کو بیان میں فاروق قدومی نے محمود عباس کے مطالبے کو مسترد کرنے کے حوالے سے کہا کہ غیر جانبدارممالک کی تنظیم نے انہیں کانفرنس میں شرکت کے لئے دعوت دی تھی – فاروق قدومی کے مطابق پی ایل او کے سیاسی حلقے کے سربراہ اور بیرون فلسطین میں وزیرخارجہ کی حیثیت سے اجلاس میں شریک ہونا ان کا حق تھا کیونکہ بین الاقوامی محفلوں میں شرکت کے حوالے سے محمود عباس نے انہیں اختیار دے رکھاتھا
