اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ اسرائیل اسلحہ کی سمگلنگ اور غزہ کی پٹی میں سمگلنگ کے لیے سرنگوں پر قبضے کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہا ہے- جس کا مقصد غزہ کی پٹی کو تباہ کرنے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کا جواز تلاش کرنا ہے-
حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا ہے کہ ہماری تحریک قابض کے خلاف مزاحمت کرنے پر یقین رکھتی ہے- ہمیں حق حاصل ہے کہ اسرائیلی دشمن کو لگام دیں- جارحیت کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کے وسائل استعمال کرنا اور اسلحہ رکھنا ہمارا حق ہے- اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف قتل و غارت گری، ناکہ بندیوں اور غزہ کی پٹی پر حملوں کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے- وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے-
فوزی برھوم نے واضح کیا کہ حماس نے غزہ کی پٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وہاں امن قائم کیا ہے- اس بات کی دنیا شاہد ہے- اسرائیل شہد میں زہر ملانا چاہتا ہے- اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی میں داخلے کی دھمکیاں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب حماس نے غزہ کی پٹی میں جرائم اور کرپشن کی روک تھا م کے لیے ایک نظام ترتیب دیا ہے- حماس نے فلسطینی عوام کو کوکین، ھیروئن جیسی منشیات کے سمگلروں سے محفوظ کیا ہے-
حماس کے ترجمان نے واضح کیا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر حملہ کرنے پر مصر ہے- ہ اسلحہ کی سمگلنگ کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر بتارہا ہے- اس کا مقصد غزہ کی پٹی پر حملے کا بہانہ تلاش کرنا ہے-
