پنج شنبه 01/می/2025

مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی اراضی سے کاٹنے کی اسرائیلی سازش کا انکشاف

جمعہ 12-اکتوبر-2007

اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی قائمقام حکومت میں وزیر زراعت ڈاکٹر محمد رمضان نے فلسطینیوں کی اراضی ہتھیانے کی اسرائیلی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے ابو دیس، عرب السوامرہ اور عیزریة دیہاتوں میں 1100 ایکڑ قطع اراضی پر قبضہ کرلیا ہے

ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ زمین ہتھیانے کے تازہ ترین واقعہ سے واضح ہوتا ہے کہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور اس کے مضافات میں اسرائیلی آبادیاتی منصوبوں میں اضافہ ہوگیا ہے- اسرائیلی حکومت مقبوضہ بیت المقدس کو الگ کرنے کی سازش کررہا ہے- وہ بیت المقدس کو فلسطینی اراضی سے کاٹ کر ’’معالیہ اودمیم‘‘ کی یہودی بستی کے ساتھ جوڑنا چاہتا ہے- آبادیوں کے قیام کا مقصد مغربی کنارے کو دو حصوں میں منقسم کر کے جغرافیائی رابطہ کاٹنا ہے- شمالی حصے کو جغرافیائی طور پر جنوبی حصے سے کاٹنے کی سازش ہو رہی ہے-
ڈاکٹر محمد رمضان نے مزید کہا کہ قابض افواج فلسطینی صدر محمود عباس کی حکومت کے سامنے فلسطینی اراضی کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے مگر فلسطینی اتھارٹی بلاجواز طور پر اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کئے جا رہے ہیں- ایمرجنسی حکومت کے اہلکارایسے فرضی اعتماد اور امن کے پیچھے بھاگ رہے ہیں جس کی اسرائیل کے ہاں کوئی بنیاد نہیں – فلسطینی وزیر زراعت نے امت مسلمہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں-

مختصر لنک:

کاپی