عبرانی اخبار معاریف نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا انکشاف کیا ہے جس کے مطابق فلسطینی اتھارٹی پناہ گزینوں کے حق واپسی سے دستبرداری پر تیار ہوگئی ہے- اخبار کے مطابق ’’بنیادی میثاق‘‘ نامی دستاویزاسرائیلی میرٹس پارٹی کے سربراہ اور فلسطینی صدر محمود عباس کے قریبی ساتھیوں سلام فیاض اور یاسرعبدربہ نے تیار کی ہے- دستاویزکی کاپیاں ایک ہفتہ قبل امریکی وزیرخارجہ کو نڈا لیز رائس اور مقبوضہ بیت المقدس اور رام اللہ کی بڑی بڑی شخصیات کو پہنچا دی گئی ہیں –
معاہدے کے مطابق فلسطینی اتھارٹی پناہ گزینوں کو صرف مستقبل کی فلسطینی ریاست میں واپس لانے کا اعلان کرے گی – پناہ گزین صرف فلسطینی ریاست میں واپس آئیں گے اسرائیل واپس نہیں جائیں گے- دستاویزمیں بیت المقدس کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ غیر واضح ہے- معاہدے کے مطابق عرب آبادی والے حصے فلسطینی اتھارٹی کے کنٹرول میں دے جائیں گے جب کہ یہودی آبادی والے حصے پر اسرائیل قابض رہے گا- سرحدوں کی تعیناتی کے حوالے سے اسرائیل 1967ء کی سرحدوں تک انخلا کرنے کااعلان کرے گا لیکن اس میں کچھ ترمیم کی جائے گی-
